لاہور)کامرس رپورٹر)آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن ،آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن اور خواتین کے حقوق کی علمبردار این جی او ہوم نیٹ فاﺅنڈیشن نے ایک مشترکہ اجلا س میں وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف پر زور دیا کہ کائٹ فلائنگ انڈسٹری سے وابستہ لوگوں بالخصوص خواتین کے لیے بحالی پلان کا اعلان کریں۔ شہر سے دور علاقوں میں کائٹ فلائنگ زون قائم کرکے ہر سال نہ صرف لاکھوں سیاحوں کو پنجاب آنے کی ترغیب دی جاسکتی ہے جس سے انتہائی قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا جبکہ اُن لوگوں کو روزگار بھی مل جائے گا جو کائٹ فلائنگ پر پابندی کی وجہ سے فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ اجلاس سے آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور کائٹ فلائنگ فیسٹیول کے بانی خواجہ ندیم سعید وائیں، ہوم نیٹ این جی او کی عہدیدار خواتین، کرنل (ر) سعید خان، پروفیسر خالد ملک، محمد طلحہ یعقوب، محمد فہد، حسن عبداللہ اور دیگر نے خطاب کیا ۔ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ پابندی کی وجہ سے لاکھوں افراد روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی بحالی کے لیے پلان کے اعلان سے بہترین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔