لاہور (کلچرل رپورٹر) فلمساز ادارے لیوس پروڈکشن کے زیراہتمام فلم ”دی سسٹم“ کی افتتاحی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین تھے۔ دیگر شرکاءمیں ایم پی اے راحیلہ خادم حسین، ایم پی اے وسیم قادر، فلمساز اعجاز کامران، شہزاد رفیق، ملک جونی، پرویز کلیم، اسلم ڈار، صفدر خان، اچھی خان، بابر بٹ، غفور بٹ، شہزاد غفور اور شیراز غفور شامل تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بلال یٰسین نے کہا کہ فلم انڈسٹری میرا پورٹ فولیو تو نہیں لیکن میں پنجاب حکومت کا حصہ ہوں۔ ہماری حکومت سے فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے جو کچھ ہو سکا، کریں گے۔ فلمساز غفور بٹ نے کہا کہ جن لوگوں نے فلم انڈسٹری سے کروڑوں روپے کمائے ہیں، وہ پلازے بنا کر فلم انڈسٹری سے کنارہ کش ہو گئے ہیں۔ میں جو ناروے میں کماتا ہوں، وہ فلم انڈسٹری میں لگا دیتا ہوں۔ میں نے فلم انڈسٹری سے کمایا نہیں بلکہ لگایا ہے۔ میں نے اس فلم ”دی سسٹم“ کا میوزک انڈیا سے تیار کرایا ہے۔ صرف راحت فتح علی خان کا ایک گانا باقی ہے۔ اس فلم کی شوٹنگ 15 جولائی سے ناروے میں شروع ہو گی۔