جوہربارو (سپورٹس ڈیسک)ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں شروع ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 4-4 گول سے برابر رہا۔ میزبان ٹیم نے پہلے ہاف میں عمدہ کھیل پیش کیا اور 3 گول سکور کئے، تینوں گول پنلٹی کارنر پر ہوئے۔ محمد رضی عبدالرحیم نے تیسرے اور ساتویں منٹ جبکہ محمد مرحان نے 18 ویں منٹ میں گول سکور کیا۔ 26 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے عبدالحسیم خان نے پنلٹی کارنر پر گول کرکے برتری کو کم کیا۔ ملائیشیا نے دوسرے ہاف کا آغاز بھی شاندار انداز میں کیا اور تیسرے منٹ میں عبدالجلیل کے گول کے ذریعے سکور کو 4-1 کر دیا۔ گرین شرٹس نے تین گول خسارے میں جانے کے بعد شاندار کم بیک کیا، ساتویں منٹ میں محمد توثیق نے پنلٹی کارنر پر گول کرکے سکور 4-2 کر دیا۔ 21 ویں منٹ میں پاکستان کو پنلٹی سٹروک ملا جس پر شکیل عباسی نے گول کرکے مقابلہ 4-3 کر دیا۔ 5 منٹ بعد کپتان محمد عمران نے پنلٹی کارنر پر گول کرکے میچ برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول سکور نہ کر سکیں۔جاپان اور کوریا کے درمیان بھی میچ برابر رہا۔آج مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلے میچ میں ارجنٹائن اور جاپان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ کوریا اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تیسرے میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ چوتھا میچ میزبان ملائیشیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔