لاہور (کامرس رپورٹر) نیشنل گیمز کے پہلے دن آرمی کے اتھلیٹ سوئمنگ، سائیکل اور کراٹے کے مقابلوں میں چھائے رہے اور 12گولڈ میڈل کیساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگئے۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جار ی میگا ایونٹ کا آغاز وویمن سائیکلنگ کے ایونٹ سے شروع ہوا اور خواتین کے انفرادی ٹائم ٹرائل ایونٹ میں پاکستان آرمی کی ثوبیہ زاہد نے 14 کلومیٹر کا فاصلہ 25 منٹ اور 66 سیکنڈ میں طے کرکے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ آرمی ہی راجیہ شبیر نے یہ فاصلہ26 منٹ اور 22 سیکنڈ میں طے کرکے چاندی جبکہ خیبرپختونخواہ کی نازیہ بی بی نے 32 منٹ اور 5 سیکنڈ میں یہ فاصلہ طے کر کے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کے انفرادی ٹائم ٹرائل کے فائنل ایونٹس میں پاکستان آرمی کے محمد ساجد نے 42 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ، 3 منٹ اور 45 سیکنڈ میں طے کر کے سونے کا تمغہ، سندھ کے نعمت اللہ نے یہی فاصلہ ایک گھنٹہ، 4 منٹ اور 54 سیکنڈ میں طے کر کے چاندی جبکہ بلوچستان کے حبیب اللہ نے ایک گھنٹہ اور 7 منٹ میں 42 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔سائیکلنگ کے ایونٹ میں ملک بھر سے چھ ٹیموں کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہ ہیں جن میں پاکستان آرمی، پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ ، بلوچستان اور فاٹا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ سوئمنگ پول میں ہونیوالے مقابلوں میں پاکستان آرمی کے سوئمرز مکمل طور پر حاوی دکھائی دیئے اور سونے کے 6اور چاندی کے 5میڈلز اپنے نام کئے جبکہ نیوی نے ایک سلور اور پانچ کانسی کے تمغوں میں کامیابی حاصل کی ۔ اسلام آباد نے سوئمنگ میں کانسی کا ایک میڈل اپنے نام کیا ۔سوئمنگ کے 100میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں پاکستان آرمی کی کرن خان نے سونے، آرمی ہی کی ماہ نور مقصود چاندی ، نیوی کی بسمہ خان نے کانسی کے تمغے میں کامیابی حاصل کی ۔400میٹر فری اسٹائل میں کرن خان نے سونے، آرمی کی ماہ نور نے چاندی ،نیوی کی بسمہ خان نے کانسی کے میڈل میں کامیابی حاصل کی ۔ 100میٹر بیک اسٹروک میں کرن خان نے پہلی، عبیرہ شیخ نے دوسری جبکہ بسمہ خان (نیوی ) نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ مینز 200میٹر فری اسٹائل میں آرمی کے اسرار حسین اور ناصر احمد نے سونے اور چاندی جبکہ نیوی کے مناظر اقبال نے کانسی کے میڈل میں کامیابی حاصل کی ۔ 4بائی 200میٹر فری اسٹائل ریلے میں آرمی نے پہلی ، نیوی نے دوسری اور اسلام آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں ہونیوالے کراٹے کے انفرادی اور گروپ مقابلوں کے پہلے روز آرمی کے اتھلیٹ چھائے رہے اور آرمی نے سونے کے 4، بلوچستان نے چاندی نے چاندی کا ایک ، پنجاب نے چاندی کے 3، اسلام آباد اور کے پی کے نے کانسی کے تین ، تین ، ریلویز اور سدھ نے کانسی کے ایک ، ایک میڈل میں کامیابی حاصل کی ۔ ایونٹ کا افتتا ح پاکستان کراٹے فیڈریشن کے صد ر کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین نے کیا ۔اسلام آباد میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جاری نیشنل گیمز کے پہلے روز کبڈی کے مقابلوں میں پاکستان نیوی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں نے اپنے، اپنے حریفوں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔نیوی جمنازیم میں کھیلے گئے کبڈی کے پہلے میچ میں پاکستان نیوی نے پاکستان ایئرفورس کو 7 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے جبکہ پاکستان آرمی نے اسلام آباد کو 6 کے مقابلے میں 52 پوائنٹس سے شکست دے کر اپنے، اپنے میچز جیت لئے۔
نیشنل گیمز: آرمی 12 گولڈ میڈلز کے ساتھ فہرست‘ پنجاب کا 4 سلور میڈلز کے ساتھ دوسرا نمبر
Jun 30, 2013