لندن (ثناء نیوز) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے لندن میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے دو گھنٹے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اپنے امریکہ اور یورپ کے دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اپنی کوششوں کی تفصیلات بتائیں۔ ملاقات میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور موجودہ صورتحال میں مسئلہ کشمیر پر ہونیوالے اثرات پر بات کی گئی۔ اسکے علاوہ مسئلہ افغانستان اور وہاں سے امریکی و نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال‘ بھارت میں نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد مسئلہ کشمیر اور پاکستان پر اسکے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بعدازاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہو گئے۔ زرداری نے سلطان محمود چودھری کو انٹرنیشنل کمیونٹی سے رابطے جاری رکھنے‘ پاکستان بالخصوص پنجاب میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔ سلطان محمود چودھری نے کہا کہ پاکستان میں 50 لاکھ کشمیری ووٹرز ہیں ابھی تک لاہور کی نشست پر انتخاب اسلئے ملتوی کرا دئیے جاتے ہیں کہ وہاں جب بھی انتخاب ہوا پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان غلام محی الدین جیتیں گے۔ اس اقدام سے مسلم لیگ (ن) کے جمہوریت کے دعوؤں کی قلعی کھل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان میں بھی پیپلز پارٹی کی کامیابی کیلئے کردار ادا کریں گے۔