کوہاٹ (این این آئی) کوہاٹ میں اورکزئی ایجنسی سے متصل علاقے زیدہ میں مریزئی روڈ پر گھات لگائے افراد نے اورکزئی ایجنسی جانے والی کوچ پر گولیاں برسا دیں اور فرار ہو گئے جس سے 4افراد جاں بحق 3زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 2خواتین شامل ہیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کوہاٹ میں کوچ پر گھات لگائے شرپسندوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس اندہناک واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پولیس و ضلعی انتظامیہ کو فوری حرکت میں آنے اور ملحقہ پولیٹیکل انتظامیہ سے بھی ہنگامی رابطہ کرکے ملزمان کی تلاش اور فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے پرویز خٹک نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت رمضان المبارک جیسے ماہ مقدس کی آمد پر اس طرح کے پرتشدد اور معصوم شہریوںکا خون بہانے والے واقعات ہر گز برداشت نہیں کر یگی لہٰذا ایسے کسی بھی خونیں واقعہ کے مرتکب شرپسندوں کو دہشتگرد سمجھ کر ہنگامی بنیادوں پر پکڑا اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ وہ دوسروں کیلئے بھی نشان عبرت بنیں۔