عمران کو شکست برداشت نہیں ہو رہی، باری کا انتظار کریں: عابد شیر

Jun 30, 2014

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان آج احتجاج اور استعفوں کی سیاست کریں گے تو کل کوئی اور یہی کام کرے گا جلسے ہم بھی کر سکتے ہیں۔ کارکن اور عمران خان کی طرح کے ہتھکنڈے 10 ہزار گنا ہمارے پاس زیادہ ہیں ہم جلسوں کے لئے پورے پاکستان سے اپنی پارٹی کو اکٹھا نہیں کرتے حکومت کی طاہر القادری سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، انقلاب اس طرح نہیں آتے عمران خان سے شکست برداشت نہیں ہو رہی وہ اپنی باری کا انتظار کریں۔ عمران خان 4 حلقوں کی ٹربیونل سے پسپائی کے بعد اب 35 پنکچر کی بات کر رہے ہیں، انہیں چیلنج ہے وہ استعفیٰ دیکر میرے مقابلے میں انتخاب لڑیں تو انہیں پتہ چل جائیگا کہ عوام ان کے ساتھ ہیں یا نوازشریف کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا لانگ مارچ بامقصد تھا اور آزاد عدلیہ اور اداروں کے لئے تھا اس میں اقتدار اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والا کوئی کام نہیں تھا۔ اس وقت ہماری حکومت کو گرایا گیا۔ پنجاب میں گورنر راج قائم کیا گیا لیکن ہم نے پھر بھی غیر ضروری اقدامات نہیں کئے، گوجرانوالہ میں ہمارا لانگ مارچ کا مقصد پورا ہوا ہم واپس آ گئے۔ انقلاب ایسے نہیں آتے انقلاب اقتصادی ترقی سے آتے ہیں، پاکستان میں زرعی انقلاب آنا چاہئے پاکستان میں روشنیوں کا انقلاب آنا چاہئے وہ ہماری حکومت کر رہی ہے۔  انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک سال احتجاج اور لوگوں کو لالی پاپ دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، انہیں ہار ماننا پڑے گی اور صبر کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کرنا چاہئے۔ عمران خان خیبر پی کے میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے انہیں تکلیف ہے نواز شریف عوامی فلاح و بہبود کیلئے بجلی،  موٹروے اور میٹرو کے منصوبے کیوں شروع کر رہے ہیں۔ شیخ رشید جمہوریت کے خلاف جو نفرت پھیلا رہے تھے عید سے قبل ہی ان کی خواہشوں اور عزائم کی قربانی ہو چکی۔ ماہ رمضان میں افطار و سحر اور نماز تراویح کے دوران اسی فیصد تک لوڈشیڈنگ ختم کر دی جائیگی۔

مزیدخبریں