سیالکوٹ (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک فوجی آپریشن جاری رہے گا، آئی ڈی پیزکی دیکھ بھال کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے اور ضرب عضب آپریشن کے فوری بعد آئی ڈی پیز کی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح سٹیڈیم سیالکوٹ کے قریب سستا رمضان بازار کا افتتاح کرنے کے بعدگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ ، چودھری محمد اکرام، چودھری ارشد وڑائچ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں سستے رمضان بازاروں کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں پر عوام الناس کو معیاری اشیائے خوردونوش ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ رمضان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اوقات کار میں تبدیلی کی جائے گی، بالخصوص سحری ، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک، دو سال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی جاسکتی۔ بجلی کے نئے پیداواری منصوبوں کے آغاز سے گذشتہ سال مئی جون کی نسبت امسال بجلی کی لوڈشیڈنگ میں تین سے چار گھنٹے کمی واقع ہوئی ہے۔ بجلی کی لودشیڈنگ بتدریج کم ہورہی ہے۔ پورے ملک میں انڈسٹری کو 2شفٹوں میں بجلی فراہم کی جارہی ہے جس کی بدولت صنعت کا پہیہ چل رہا ہے۔ ڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی ساہو نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ضلع میں کل 8رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ رمضان بازاروں میںآٹا اور چینی پر سبسڈی دی گئی ہے جبکہ سبزیاں، پھل اور کریانہ کے اشیاء بھی اوپن مارکیٹ کی نسبت ارزاں نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔ این این آئی کے مطابق خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزیراعظم نوازشریف کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں۔ خیبر پی کے میں اپنی ناکامی چھپانے کے لئے بار بار نوازشریف کو الزام دیتے ہیں، دھرنوں اور الزامات کی سیاست کا وقت گزر چکا یہ 21ویں صدی ہے۔ میڈیا آزاد ہے ایسے دور میں دھاندلی کے الزامات لگاکر قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، اب وقت آ گیا ہے سنجیدگی دکھائی جائے اور تمام مسائل کے حل کے لئے بات چیت کا راستہ اپنایا جائے۔