آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کرانے‘ ووٹرز کی عمر کی حد 21 سال کرنے کا اعلان

مظفرآباد (اے این این) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چودھری عبدالمجید نے آزاد کشمیر میں طلبہ یونینز بحال کرنے، اپوزیشن کی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کرانے، مظفرآباد چکوٹھی روڈ کو قائداعظمؒ کے نام سے منسوب کرنے، ووٹر کیلئے عمر کی کم از کم حد 21سال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے کہا کہ آزاد خطہ کے عوام کو دستیاب وسائل میں بہترین اور تاریخی بجٹ دیا ہے۔ میگا ترقیاتی منصوبوں سے پورا خطہ ترقی کے دھارے میں شامل ہو گا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ترقیاتی عمل میں گہری دلچسپی پر شکرگزار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے تسلط سے آزادی اور تعمیر و ترقی ہمارے ایجنڈے کی دو جہتیں ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کے مطابق عوام کو تعلیم و صحت کی ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ تعلیمی پالیسی کے نفاذ سے معیار تعلیم بلند ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور و مرکز جمہوریت ہے اور جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلزپارٹی نے دی ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے  ملک کی سلامتی، جمہوریت کے تحفظ اور غریب عوام کو حق حکمرانی دلانے کیلئے اپنی جانوں تک کی قربانی دے دی ہیں۔ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ اسی فلسفہ کو آگے بڑھاتے ہوئے پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت کے استحکام، امن و امان کے قیام اور ملکی ترقی کیلئے مفاہمت کی پالیسی اپنائی، ہم انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ آج آزاد کشمیر میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہے۔ چور دروازوں سے حکومتیں بنانے اور گرانے کا کھیل اب ختم ہو چکا ہے۔ حکومت بنانے اور گرانے کا اختیار صرف اور صرف عوام کے پاس ہونا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کی آزاد ی کیلئے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ موجودہ حکومت نے اپنے عظیم قائد کے نظریات او رافکارکی روشنی میں تحریک حق خودارادیت کو فوکس کر رکھا ہے۔ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی و دینی جماعتوں کے سربراہان پر مشتمل ’’آل پارٹیز کشمیر کوآرڈینیشن کونسل‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور ایکٹ 1974ء میں آئینی اصلاحات پر مشاورت کیلئے آئینی کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف کا پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے خصوصاً مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے اہل کشمیر سے گہری وابستگی اور آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے میگا پراجیکٹس دینے پر تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام کی طرف سے نواز شریف کو مبارکباد بھی پیش کرتا ہوں۔ آزاد کشمیر کی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ وفاق سے 48ارب روپے کی میگا پراجیکٹس ملے ہیں اور ان میں سے بعض منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جبکہ بعض منصوبوں پر رواں سال کام شروع ہوجائیگا۔ مظفرآباد ،راولاکوٹ ائیرپورٹ توسیع، اسلام آباد، مظفرآباد ریلوے لنک،  7ہائیڈرل پراجیکٹس، تائوبٹ تا مظفرآباد، کشمیر ہائی وے،لیپہ ٹنل ،لوئر ٹوپہ کوہالہ ایکسپریس وے کی توسیع۔ آزاد خطہ کی تعمیر وترقی کیلئے میگاپراجیکٹس کیلئے وفاقی حکومت نے جہاں اربوں روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے، وہاں مرکزی حکومت نے پہلی بار آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ملانے کا چلاس تا شونٹر روڈ منصوبہ دیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے جس کے مستقبل میں دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ ہم اپنے اداروں کی کمزوری کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ ایسے عناصر ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ پاک فوج کی عزت پر ہرگز آنچ نہیں آنے دینگے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...