لاہور (آئی این پی) ایکس سروس مین سوسائٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ موجودہ نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا‘ ملک میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے‘ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس میں اللہ کی حاکمیت کو آئینی طور پر تسلیم کیا گیا ہے‘ اس وقت ملک بھر میں 25 لاکھ سابق فوجی ایک منظم قوت ہیں اور ان کو اب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری انقلاب کی تو بات کر رہے ہیں مگر وہ اپنے اس انقلاب میں اللہ کی کتاب کے بارے میں کوئی ذکر نہیں کر رہے۔ موجودہ صورتحال میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا اور اس تمام تر غیریقینی اور تاریکی کے باوجود کچھ روشنی اور مثبت تبدیلیوں کے اثرات یقینی دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر تضاد ہے یہ کام زیادہ دیر چلتا دکھائی نہیں دیتا‘ امریکہ کو افغانستان میں شکست ہو چکی ہے اور اس کی افغانستان سے رخصتی پورے خطے میں ایک بڑی تبدیلی کی نوید دے رہی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران کسی اور طرف دیکھ رہے ہیں‘ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے۔