کراچی: پُرتشدد واقعات، حادثات میں 3بچوں سمیت 10افراد ہلاک

Jun 30, 2014

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں اتوار کو تشدد کے واقعات اور حادثات میں 3بچوں سمیت 10افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں ریلوے پولیس کے سپاہی بشیر کی بیٹی10  سالہ کلثوم اتفاقیہ گولی چلنے سے ہلاک ہوگئی۔  ادھر بلدیہ ٹائون کے علاقے مواچھ گوٹھ کے قبرستان میں مسلح افراد نے ایک شخص 30   سالہ تنویر کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ مقتول تنویر اپنے والد کی قبر کو پختہ کرانے کیلئے قبرستان گیا تھا منگھوپیر کے علاقے مکرانی پاڑہ میں مسجد خلفائے راشدین کے نزدیک بھی مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک30  سالہ شخص ہلاک ہوگیا جبکہ مومن آباد کے علاقے مجاہد کالونی میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے موٹر مکینک کی دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں موٹر مکینک45  سالہ محمد سرور ولد رحمت ہلاک ہوگیا۔ مومن آباد میں ہی الفتح اسکول کے نزدیک سے  ایک35  سالہ شخص کی لاش ملی جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا ادھر کلفٹن کے بلاک9   میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان26  سالہ متین اللہ ولد عزیز اللہ زخمی ہوگیا۔ لسبیلہ پل کے نیچے سے ایک شخص کی نعش ملی۔ کورنگی کے علاقے سوکوارٹر میں دیوار گرنے سے 2بچے دم توڑ گئے۔ محمد خان کالونی میں رینجرز نے کارروائی کرکے 3مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ منگھو پیر سے ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی نعش ملی۔ ایم اے جناح روڈ پر پولیس مقابلے میں گینگ وار ملزم امجد لاشاری مارا گیا۔

مزیدخبریں