متحدہ کے وفد کی پیر پگاڑا سے ملاقات‘ 6جولائی کے اجتماع میں شرکت کی دعوت

کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فارق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے 4رکنی وفد نے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگاڑا سے انکی رہائش گا ہ راجہ ہاؤس ڈیفنس میں ملاقات کی اور انہیں 6جولائی کو ایم کیو ایم کے تحت افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں اراکین رابطہ کمیٹی سنیٹر بابر غوری، اشفاق منگی اور گلفراز خان خٹک شامل تھے۔ ملاقات کے موقع پر قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے سنیٹر بابر غوری نے پیر صاحب پگاڑا کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کڑے وقت میں قائدتحریک الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا بھرپور ساتھ دیا۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ نے اجتماع میں شرکت کی دعوت دینے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جناب الطاف حسین کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے 6جولائی2014ء پاکستان کی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے ایم کیوایم کی جانب سے کراچی کے جناح پارک میں ہونے والے عظیم الشان اجتماع میں شرکت کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما اور وفاقی وزیر پیر صدر الدین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد ایم کیوا یم رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر فاروق ستار اور سنیٹر بابر خان غوری نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کی اور ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن