لاہور(چودھری اشرف/ سٹی رپورٹر) پنجاب کے صوبائی دارلحکومت میں امن و امان کی صورتحال قدرے بہتر ہونے کی بنا پر لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کو مالی سال 2013-14ء میں گیٹ انکم سے تقریباً 5 کروڑ روپے کا ریونیو اکٹھاہوا۔ جو گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 6 لاکھ روپے زائد ہے۔ مالی سال 2012-13ء میں لاہور چڑیا گھر سیر کے لیے آنے والے افراد کی تعداد 38 لاکھ 8 ہزار رہی جو رواں مالی سال میں ایک لاکھ افراد سے زائد ہے۔ گذشتہ مال سال سیر کے لیے آنے والے افراد سے چڑیا گھر انتظامیہ کو 4 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد آمدنی ہوئی تھی۔ مالی سال میں لاہور چڑیا گھر کے بڑے جانوروں جن میں گینڈا، مادہ زرافہ سمیت دو عدد شیر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انتظامیہ نے چڑیا گھر کے لیے دو عدد مادہ چیتا خریدنے کے لیے اقدامات مکمل کر لیے ہیں جو جولائی میں چڑیا گھر کی رونق بن جائیں گی۔ لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر نعیم بھٹی کے مطابق ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس سے سالانہ آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔ ہماری اولین ترجیح سیر کے لیے آنے والے افراد کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے ساتھ بہترین سہولیات مہیا کرنی ہے۔ مستقبل میں لاہور چڑیا گھر کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف سکیمیں متعارف کی جا رہی ہیں۔