ریو ڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک )کولمبیا نے یوروگوئے کو دو صفرسے ہرا کر کواٹرفائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ برازیل سے ہوگا ۔یوروگوئے نے میچ کے پہلے ہاف کے ابتدائی پندرہ منٹوں میں کولمبیا سے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کولمبیا کے سٹرائیکر جیمز روڈریگیز کے انتہائی شاندار گول نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور کولمبیا کی ٹیم پورے میچ کے دوران کھیل پر چھائی رہی۔ جمیز روڈریگیز نے میچ کے دوسرے ہاف میں گول کر کے ٹیم کی برتری دگنی کر دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی‘حریف ٹیم دبائو میںکھیلتی رہی۔جمیز روڈریگز کے پہلے گول کا موازنہ روبن وین پرسی اور آسٹریلوی کے ہل کے گولوں سے کیا جا رہا ہے۔ جیمز روڈریگیز نے جس طرح پاس کو چھاتی پر وصول کر کے اسے گول میں پہنچایا وہ ایک شاندار منظر تھا۔میچ کے دوسرے ہاف میں یوروگوئے نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ تجربہ کار کھلاڑی ڈیاگو فورلان کو واپس بلا کر کرسٹین سٹونی کو میدان میں اتارا لیکن وہ بھی ٹیم کے لیے کچھ نہ کر سکے۔جیمز روڈرگیز نے رواں ورلڈکپ کے چار میچوں میں گول کیے ہیں۔ ان سے پہلے 2002 میں برازیل کے رونالڈ اور ریوالڈو نے ایسا کیا تھا۔پہلے ہاف میں بال پر زیادہ کنٹرول کولمبیا کا تھا اور انہوں نے یوروگوئے کے گول پر سات حملے کیے جن میں سے تین آن ٹارگٹ تھے۔لوئس سواریز پر پابندی کے بعد یوروگوئے کی ٹیم عام سی ٹیم بن کر رہ گئی ہے۔ ایڈیسن کوانی بھی ان توقعات پر پورا نہیں اترے جن کی ان سے امید کی جا رہی تھی۔انگلینڈ کے سابق فٹبالر کرس ویڈل کا کہنا تھا کہ یوروگوئے کو لوئس سواریز کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ سواریز کی موجودگی سے بہت فرق پڑتا ہے۔ وہ کھیلتے ہیں تو دفاعی کھلاڑیوں کو پتہ ہوتا ہے کہ ان کا مقابلہ ایک ایسے کھلاڑی سے ہے جو آسانی سے میچ جیت سکتا ہے۔ ہالینڈ نے میکسیکو کو 2-1 سے ہرا کر فٹ بال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ وقفہ تک بغیر کسی گولی کے برابر تھا۔ ہالینڈ کی طرف سے کے ہنٹی لار اور ڈبلیو سنائیڈر جبکہ میکسیکو کی جانب سے واحد گول جی ڈوس سنتوس نے کیا۔
فٹبال ورلڈ کپ: یوروگوئے، میکسیکو کو شکست‘ کولمبیا، ہالینڈ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
Jun 30, 2014