لاہور ( خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مسلم لیگ ن کے ایم این اے طلال چودھری کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے طلال چودھری کی اپنی پرورش کمیشن، بھتے، زکوٰۃ اور فطرانے کی رقم سے ہوئی۔ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے خوفزدہ حکمرانوں نے اپنے شتونگڑے کو بیان بازی کا ٹاسک دیا ہے کیونکہ ان کی اپنی تو اتنی جرأت نہیں کہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری کے بیان کئے گئے حقائق پر لب کشائی کر سکیں۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبانے اور جے آئی ٹی کی مضحکہ خیز رپورٹ آنے کے بعد پاکستان بھر کے عوام نے حکمرانوں کی مذمت کی ہے اور حکمرانوں کے پاس سانحہ ماڈل ٹائون کی قتل و غارت گری کا کوئی جواز اور جواب نہیں۔ جوں جوں پھانسی کا پھندا کرپٹ حکمرانوں کے گلے کی طرف بڑھ رہا ہے ان کی ہوائیاں اڑ رہی ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ’’بھانڈ‘‘ اسی خدمت کیلئے اسمبلیوں میں لائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی جاہل ،گنوار اور کرپٹ قیادت کی شان میں قصیدہ گوئی کر سکیں اور سیاسی مخالفین پر کیچڑ اچھال سکیں۔ انہوں نے کہا ان بھانڈوں کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں ان کا اقتدار اور سیاست آخری سانس لے رہی ہے، بہت جلد عوام اقتدار میں ہونگے اور یہ کرپٹ ٹولہ اپنی حرام کی کمائی سمیت جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہو گا۔آنے والے دنوں میں جو کچھ ان کے ساتھ ہو گا نئی نسل ان سے عبرت حاصل کریگی۔
طلال چودھری کی پرورش کمشن، بھتے، زکوٰۃ فطرانے کی رقم سے ہوئی، خرم نواز گنڈاپور
Jun 30, 2015