کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان کے سیاستدانوں اہم شخصیات اور سرکاری افسران کے بیرون ملک اثاثوں اور جائیدادوں کی تحقیقات شروع کردی گئی اور تحقیقاتی اداروں کی خفیہ ٹیمیں پاکستانیوں کے کاروبار کی چھان بین کے لئے پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا بیرون ملک پاکستانیوں کے کئی ارب ڈالر کے اثاثے ہیں۔ حال ہی میں پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات میں 438 ارب روپے کی جائیداد خریدی ہے گذشتہ دنوں دبئی میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کے کریش ہونے سے پاکستانیوں کا سب سے زیادہ نقصان ہوا تھا۔ لیکن اس کے باوجود پاکستانیوں نے مزید سرمایہ کاری کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی سیاستدانوں اور بیورو کریسی کے پوری دنیا میں بڑے بڑے کاروبار‘ ہوٹل‘ سپر سٹور ‘ کار شوروم‘ محلات اور فلیٹ ہیں۔ بعض سیاستدانوں نے چین میں ریسٹورنٹ کھولے ہیں کچھ نے بھارت میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور اشتراک سے کاروبار کررہے ہیں۔