پنجاب اسمبلی : ایک کھرب 46 ارب کا ضمنی بجٹ منظور‘ حکومتی اپوزیشن ارکان کے ایک دوسرے کیخلاف نعرے

Jun 30, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر/خصوصی نامہ نگار/کامرس رپورٹر + نوائے وقت نیوز) پنجاب اسمبلی نے گزشتہ روز مالی سال 2015-16ءکےلئے ایک کھرب 46 ارب 93 کروڑ 36 لاکھ 5 ہزار کا ضمنی بجٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن کی کٹوتی کی دو تحاریک کثرت رائے سے مسترد کردی گئیں جبکہ گلوٹین کے اطلاق کے باعث جنگلات پر جمع کرائی گئی کٹوتی کی تحریک زیر بحث نہ آسکی۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان ایک دوسرے کےخلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے جبکہ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت نے انتہائی نا گزیر حالات میں ضمنی بجٹ کی مد میں اخراجات کئے اور پوری دنیا میں اس طرح کے اخراجات کی اجازت ہوتی ہے، میری اپوزیشن سے عاجزانہ درخواست ہے کہ اپوزیشن ملک اور صوبے کی ترقی کےلئے اپنی مثبت تجاویز دے اور ترقی کے مراحل میں ہمارا ساتھ دےں۔ بعض اوقات ایسے حالات درپیش ہو جاتے ہیں جن کا بجٹ بناتے وقت پیشگی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ۔ رواں مالی سال میں کسان پیکج کے لئے 20ارب روپے کی رقم بطور ضمنی بجٹ منظور کی گئی ۔ زرعی ٹیوب ویلوں پر جی ایس ٹی کی ادائیگی کے لئے 12ارب روپے کی رقم بطور سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی ۔عدالتی احکامات کی تکمیل کے لئے پنشن سے متعلقہ ادائیگی کے لئے 8ارب روپے کی اضافی رقم بطور سپلیمنٹری گرانٹ خرچ کی گئی ۔ اسی طرح مختلف محکموں کو ان کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے سپلیمنٹری گرانٹس جاری کی گئیں جن میں ایکسائز انڈسٹریز ، سٹیشنری و پرنٹنگ ، زراعت اور متفرق محکمہ جات شامل ہیں۔گرانٹ PC21010-GAکا تعلق صوبے کے تمام ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹس سے ہے اور اس میں گورنر ہاﺅس ، وزیر اعلیٰ ہاﺅس ، صوبائی اسمبلی اور تمام سیکرٹریز ( محکمہ قانون ، محکمہ داخلہ ، محکمہ خزانہ ، محکمہ زکوة ، محکمہ اوقاف ، محکمہ خوراک ، محکمہ زراعت ، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو ، بورڈ آف ریونیو ) اور مختلف محکمہ جات کے تقریباً 90ذیلی ادارے شامل ہیں ۔ لہٰذا اس گرانٹ کی اہمیت دوسری گرانٹس سے مختلف ہے ۔ موجودہ مالی سال کے دوران اس مد میں 4793.804ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری ہوئی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پولیس افسروں کی تنزلی کی بازگشت گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں سنی گئی۔ حکومتی رکن شیخ علاﺅ الدین نے متذکرہ پولیس افسروں کے حوالے سے کہا کہ پولیس کا مورال گرگیا ہے۔وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل معاملہ ہے۔ 9سے 10 ہزار پولیس افسروں متاثر ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کے بیرون ملک جانے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی گئی۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی قرار داد میں کہا گیا وزیراعظم جلد وطن واپس آئیں۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف صحت یابی کے بعد فی الفور خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے واپس آئیں۔ پاکستان کے عوام لوڈشیڈنگ بدامنی اور مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہیں۔ وزیراعظم عہدہ سے مستعفی ہو جائیں تاکہ جمہوری نظام میں تعطل پیدا نہ ہو۔ علاوہ ازیں اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔
پنجاب اسمبلی

مزیدخبریں