لائنل میسی نے اپنی دیرینہ دوست انتونیلا روکوزو سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا

بیونس آئرس(این این آئی) دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اسٹرائیکر لائنل میسی نے اپنی دیرینہ دوست انتونیلا روکوزو سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے لائنل میسی جمعہ 30 جون کو ارجنٹائن کے پسماندہ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گے۔ میسی کے مداح حیران ہیں کہ انہوں نے اپنی شادی کےلئے ایسی جگہ کا انتخاب کیوں کیا جو جرائم پیشہ افراد کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور وہاں ڈرگ گینگ سرگرم ہیں۔لائنل میسی کی شادی کی تقریب میں دنیا بھر سے 260 کے قریب اہم شخصیات شرکت کریں گی جن میں پاپ اسٹار شکیرا اور ان کے شوہر سمیت دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ لائنل میسی نے شادی کا انتظام کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ مقامی کھانے تیار کریں کیوں کہ انہیں ارجنٹائن کے روایتی کھانے بہت پسند ہیں۔میسی کی شادی کی تقریب کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں اسرائیلی ماہرین پر مشتمل پرائیوٹ ٹیم کے سپرد کی گئی ہے جو ماضی میں بھی میسی سیکیورٹی فراہم کرتی آئی ہے۔ دنیا بھر سے 155 صحافیوں کو تقریب کی کوریج کے لیے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں تاہم انہیں سختی سے بتادیا گیا ہے کہ انہیں تقریب میں موجود مہمانوں تک رسائی نہیں دی جائےگی۔

ای پیپر دی نیشن