لاہور ( نامہ نگار ) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کے استعفی کے مطالبے پر ایک بار پھر وکلاء نمایندہ کنونشن بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وکلاءنے بھارتی افواج کی مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر حکومت پاکستان کی خاموشی پر بھی شدید تنقید کی۔ وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر چوہدری ذوالفقار کی سربراہی میں ہونے والے ہفتہ وار اجلاس میں وکلاءرہنماﺅں نے کہاکہ اپنے احتساب کا نعرہ لگانے والے جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ ان کا طرز حکمرانی شہنشائیت کی منہ بولتی تصویر ہے۔ بار کے صدر نے کہا کہ جلد وزیراعظم کے استعفیٰ کے معاملے پر آل پاکستان وکلاءنمائندہ کنونشن بلایا جائے گا جس میں آیندہ کا لایحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں سانحہ کوئٹہ ، پارہ چنار اور بہاولپورکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان سانحات میں بے گناہوں کی اموات حکمرانوں کی بے حسی اور ملک میں بڑھتی ہوئے لاقانونیت کی زندہ مثالیں ہیں۔ ہمارے وزیراعظم کشمیریوں پر ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی جرات نہ کر سکے نہ ہی کوئی مذمت کی گئی ۔اجلاس کے بعد وکلاءنے احتجاجی کیمپ میں بھی شرکت کی اور نعرے بازی کی۔
ہائی کورٹ بار
وزیراعظم کا استعفیٰ، ہائی کورٹ بار نے پھر وکلاءکنونشن بلانے کا اعلان کر دیا
Jun 30, 2017