چینی سفیر کی سینیٹر مشاہدحسین سے ملاقات‘ والد کی وفات پر اظہار افسوس

لاہور (خصوصی رپورٹر) چینی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی نے کرنل(ر) امجدحسین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور حکومت نے سی پیک پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید مشاہد حسین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کرنل(ر) امجدحسین کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ کے نائب وزیر ژین ژیائوسنگ نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کرنل(ر) امجدحسین نے تحریک پاکستان اور ملکی ترقی میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈانگ نے ذاتی طور پر سینیٹر سید مشاہد حسین کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی فیملی سے اظہار تعزیت کیا۔ لاہور میں تعینات قونصلیٹ جنرل کے نائب قونصل دوگین چی نے کہا ہے کہ امجد حسین جدوجہد پاکستان میں آئیکون کی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے اچھی اور متاثرکن زندگی گزاری۔ چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژین ہوا کے اہلکاروںنے بھی کرنل (ر)امجدحسین کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انکی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سینئر سید مشاہدحسین نے چینی دوستوں کا غم کی گھڑی میں ان سے اور انکی فیملی سے خصوصی دکھ درد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن