تعلیم وصحت کی ناکافی سہولیات حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے:عزیزالرحمان چن

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمان چن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سڑکوں اور پلوں پر دیگر شعبوں کے فنڈز کا استعمال کر کے عوامی دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔ تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں کا فقدان مسلم لیگ ن کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے اگر صحت کے فنڈز کو صحیح طور سے استعمال کیا جاتا تو احمد پور شرقیہ کے واقعہ میں اتنی ہلاکتیں نہ ہوتیں۔ ان خیالات کا انہوں نے جناح ہسپتال برن سینٹر میں احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔ انہوں نے مزیدکہا احمد پور شرقیہ کا واقعہ حکمرانوں کی سیاسی موت ثابت ہو گا۔ آئندہ انتخابات میں ن لیگ پنجاب سے بھی ناک آﺅٹ ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن