اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان برطانیہ کے ایک ہفتے کے سرکاری دورے پر لندن روانہ ہو گئے ہیں۔صدر آزاد کشمیر نے لندن جاتے ہوئے ترکی کے استنبول ائیر پورٹ پر مختصر قیام کیا ۔ائیر پورٹ پر کونسل جنرل پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید، سیکنڈ سیکرٹری دلداد ابڑو نے اپنے سفارتی عملے سمیت انکا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر سردار مسعود خان اپنے دورہ برطانیہ کے دوران نو منتخب ممبران برطانوی ایوان زیریں ، شیڈو کابینہ کے ارکان، ممبران یورپی پارلیمنٹ ، ماہرین قانون ، ممتاز تھنک ٹینکس، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیداروںاور میڈیا کے نمائندوں سے ملیں گے۔ صدر سردار مسعود خان ان مخاطبینوں کو مسئلہ کشمیر ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال سے اگاہ کریں گے۔