لاہور (نامہ نگار) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے منصوبے کی تکمیل کے لئے مزید 7 ماہ کی توسیع طلب کر لی ہے، ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو 31 مئی 2017ء تک مکمل کیا جانا تھا۔ لیکن بعض وجوہات کی بنا پر اس منصوبے کی تکمیل تاخیر کا شکار ہو گئی اور اب پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے حکومت سے منصوبے کی تکمیل کے لئے مزید 7 ماہ کی مہلت طلب کرتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن 31 دسمبر 2017ء دی ہے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے لئے 10 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے جن میں سے اتھارٹی صرف 5 ارب 25 کروڑ روپے کے فنڈز استعمال کر سکی جبکہ اتھارٹی 4 ارب 75 کروڑ روپے کے فنڈز رواں مالی سال میں سرنڈرکر دیئے تھے، واضح رہے کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی صوبے کے پانچ بڑے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے منصوبے پر کام کر رہی ہے جبکہ اتھارٹی صرف لاہور میں 8 ہزار کیمرے لگنے میں کامیاب ہو سکی ہے جو منصوبے کا 25 فیصد بتایا گیا ہے۔