اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف کو فلسطین کے صدر محمود عباس نے ٹیلی فون کیا اور بہاولپور میں آئل ٹینکر کے حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بہاولپور کا واقعہ بہت المناک ہے جو عیدالفطر کے موقع پر پیش آیا۔ پوری قوم اس افسوسناک واقعہ پر غمزدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے۔ وزیراعظم نے تشویش اور ہمدردی کے اظہار پر فلسطینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ا یک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے فلسطین کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کی آزادی کے جائز نصب العین کی ہمیشہ حمایت کی اور وہ اس جدوجہد میں فلسطین کے برادر عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف آج دفتر خارجہ جائیں گے نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم سینئر افسروں سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کو دفتر خارجہ میں مختلف امور پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ نواز شریف پانچ جولائی کو تاجکستان کے دو روزہ دورے پر رورانہ ہوں گے اس دوران وہ تاجک رہنماؤں دو طرفہ قومی اور تجارتی امور پر بات چیت کریں گے۔