کراچی (نیوز رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمد شاہد عطاری نے کہا ہے کہ محدثین کرام ؒوہ مقدس ہستیاں ہیں جن کی شان عظمت اور مقام و مرتبہ بہت ہی بلند وبالا ہے ان حضرات نے عشق رسول کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنی ساری زندگی حدیث پاک کی ترویج واشاعت میں گزاردی ان بزرگ ہستیوں میں جو مقام و مرتبہ امام بخاریؒ کو نصیب ہوا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا امام بخاری رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کی ولادت مشہور شہر بخارا میں 13شوال 194ہجری بروز جمعہ بعد نماز عصر ہوئی، امام بخاری رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کا نام محمد اور کنیت ابو عبد اللہ ہے،امیر المومنین فی الحدیث ،حافظ الحدیث ،محدث ،مفتی حبیر الاسلام وغیرہ آپ کے مشہور القابات ہیں ،آپ کے اساتذہ کرام کی تعداد ایک ہزار اسی ہے اورجب آپ نے انتقال فرمایا تو نوے ہزار شاگرد محدث چھوڑے۔امام بخاری نے تقریباً 62سال کی عمر پائی یکم شوال 256ہجری بروز ہفتہ عید الفطر کی رات بیماری کی حالت میں وصال ظاہری فرمایا ۔