یاد ِ رفتگان الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم

زندہ قومیں ہمیشہ اپنے مشاہیر کو یاد رکھتی ہیں ان کے نقش پا آنے والی نسلوں کیلئے منزل کی نشان دہی کرتے ہیں۔ کرنل ڈاکٹر سلامت اللہ مرحوم کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہے۔ آپ کی40ویں برسی مورخہ یکم جولائی 2018ءکو منائی جا رہی ہے۔ دارالسلام لائبریری، دارالسلام مسجد اور گلشن ریسٹورنٹ ہمیشہ الحاج کرنل سلامت اللہ مرحوم کی یاد تازہ کرتے رہیں گے۔ مسجد دارالسلام 1961ءمیں تعمیر ہوئی اور 1966ءمیں دارالسلام لائبریری قائم کی گئی۔ آپ ایک مخلص علم دوست انسان تھے۔ مساجد، کتب خانے اور علمی مجالس سے انہیں گہری دلچسپی تھی۔ باغ جناح لاہور کے خوشگوار ماحول میں واقع دارالسلام کتب خانہ آپ کے علمی ذوق کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ کتب خانہ ہمارے تاریخی ورثے اور درخشاں روایات کی عکاسی کرتا ہے۔ آپ نے اس کتب خانے کو مروجہ علوم و فنون کی ترسیل کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب اور اخلاقی روایات کی آبیاری کا ذریعہ بھی بنایا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علم و شرافت سے نوازا تھا۔
تیری محنت نے زمانے پر یہ ثابت کر دیا
عزم پختہ ہو تو ہو سکتا ہے ذرہ آفتاب
آپ ایک عظیم انسان اور اعلیٰ پایہ کے منتظم تھے، آپ نے اپنے خونِ جگر سے اس ننھے منے علمی پودے کی آبیاری کی۔ لائبریری کے قیام سے قبل آپ میڈیکل اور انجینئرنگ کے غریب طلبہ کو اپنی جیب سے قرض حسنہ کے طور پر وظائف دیتے تھے۔ نومبر 1969ءمیں لائبریری کی توسیع کی گئی۔1971ءمیں بالائی منزل تعمیر ہوئی۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر 1993-94ءمیں ایک نئے ہال کا اضافہ کیا گیا۔ لائبریری اور مسجد دارالسلام کا انتظام چلانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل (PHA)کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ خوبصورت پرسکون ماحول، معیاری کتب، اوقات کار بشمول اتوار صبح 8بجے تا 9بجے شب کھلے رہنا اس کتب خانے کی امتیازی خصوصیات ہیں۔ اس وقت لائبریری میں 485000ہزار کتب موجود ہیں۔80سے زائد رسائل انگریزی اور مشرقی زبانوں میں مطالعہ کیلئے دستیاب ہیں۔ تقریباً تمام مقامی اخبارات، ہفت روزہ اور پندرواڑھے قارئین کے استفادہ کیلئے مہیا کئے جاتے ہیں۔22ہزار معیاری کتب پر مشتمل ڈیجیٹل لائبریری اس کتب خانے کی زینت ہے۔ لائبریری مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہے اس میں200افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ لائبریری میں انٹرنیٹ، پرنٹر، فوٹو کاپی کی سہولت موجود ہے۔ قارئین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر لائبریری کی توسیع کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کتب خانے کی مکمل آٹومشین کیلئے پنجاب لائبریری فاﺅنڈیشن کے تعاون سے جدید کمپیوٹر لیب بنائی گئی ہے۔ لائبریری کی کتب اور دیگر علمی مواد کی کمپیوٹرائزیشن کا کام جاری ہے۔ قارئین کی عادات مطالعہ اور علمی ذوق کی آبیاری کیلئے علمی و ادبی مجلس کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ اب ادارہ دارالسلام کے معاملات ان کے صاحبزادے سلیم شہر یار سلامت خوش اسلوبی سے چلا رہے ہیں۔ محمد تاج، لائبریرین، دارالسلام لائبریری، باغ جناح لاہور

ای پیپر دی نیشن