انتخابات سے قبل ہی الیکشن کمشن نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا

Jun 30, 2018

اسلام آباد(آئی این پی ) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے اضافے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کو پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی، پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن نے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق 25 جولائی کو پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ رجسٹرڈ ووٹر صبح 8 سے شام 6 بجے تک حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ پولنگ کا وقت بڑھانے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق پولنگ کا وقت 8 گھنٹے مقرر ہے تاہم ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پولنگ کے روز سے قبل ہی پولنگ کے اوقات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن ایکٹ کے تحت پولنگ کے دن مخصوص حالات میں الیکشن کمشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ایک یا زائد پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا وقت بڑھا سکتا ہے اور اس دوران صرف وہی لوگ ووٹ ڈال سکتے تھے جو پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ہوں۔
پولنگ / وقت

مزیدخبریں