وینکوور/کینیڈا(نمائندہ سپورٹس) ہاکی کینیڈا کی طرف سے پاکستان کے ڈویلپمنٹ سکواڈ اور اور چین کی ہاکی ٹیموں کے اعزاز میں آفیشل ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ مقامی ہوٹل میں ہونیوالی اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، سرے کمیونٹی کلب، پاک کین ہاکی کلب اور سپانسرز کے علاوہ کینیڈا کی ہاکی ٹیم کے پلیئرز اور آفیشلز نے بھی شرکت کی۔ ہاکی کینیڈا کے سی ای او مسٹر جیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان ٹیموں کا ،سپانسرز اور سرے کمیونٹی کلب کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان ڈویلپمنٹ ہاکی سکواڈ کے منیجر اولمپئین قمر ابراہیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہاکی کینیڈا کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہاکی کینیڈا کے سی او مسٹر جیف کو سووینئر بھی پیش کیا۔ قمر ابراہیم نے کہا کہ وہ دو مرتبہ ہاکی کھیلنے کے لیے کینیڈا کا دورہ کر چکے ہیں۔ یہ تیسرا موقع ہے وہ یہاں آئے ہیں لیکن اس مرتبہ وہ کھلاڑی کے بجائے ایک آفیشل کی حیثیت سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔تقریب میں پاک کین ہاکی کلب کے منتظمین پاکستان کے سابق کپتان اولمپئین محمد عمران اور جیانگیر خان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اس موقع پاک کین کلب کے روح رواں جہانگیر خان کی طرف سے ہاکی کینیڈا کے سی ای او مسٹر جیف ،کینیڈا، چین اور پاکستان ڈویلپمنٹ ہاکی سکواڈ کے کپتانوں کو سووینئر بھی پیش کیے گئے۔