میرے لئے بیٹے نہیں‘ بیٹی کی دعا کریں ٹینس کھیلنے پر تنقید کی گئی : ثانیہ مرزا

Jun 30, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستانی آل راﺅنڈ ر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کاکہنا ہے کہ براہ مہربانی میرے لیے بیٹے کی نہیں بلکہ بیٹی کی دعا کریں۔بھارتی ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا ان دنوں امید سے ہیں انہوں نےاور شعیب ملک نے یہ خبر اپنے تمام چاہنے والوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بہت محبت سے شیئر کی تھی، یہی وجہ ہے کہ یہ خبر سن کر پاکستانی اور بھارتی عوام میں خوشی کی لہردوڑ گئی تھی اور اب ان کے چاہنے والے بے چینی سے انتظار کررہے ہیں کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی بیٹے کے والدین بنتے ہیں یا بیٹی کے، تاہم ثانیہ مرزا چاہتی ہیں کہ ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہو اور انہوں نے تمام لوگوں سے کہا ہے کہ ان کے لیے بیٹی کی دعا کریں۔ ثانیہ مرزا نے گزشتہ روزممبئی میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ”مجھے حق ہے مہم“ میں شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن میں لوگوں کی جانب سے کس طرح ٹینس کھیلنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ میں نے 6 سال کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کردی تھی اورحیدرآباد دکن میں لڑکیوں کے اتنی چھوٹی عمر میں کھیلنے کو بہت حیرانگی سے دیکھا جاتا تھا۔ جب میں ٹینس کھیلتی تھی اس وقت بہت سے لوگ میرے والدین کو کہتے تھے”ہاں ٹھیک ہے کھیلنے جارہی ہے لیکن کالی ہوجائے گی دیکھنا، کوئی شادی نہیں کرے گا۔ میرے والد میرے ہیرو ہیں انہوں نے تنقید کرنے والوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہرموقع پر میرا ساتھ دیا۔ ہم دوبہنیں ہیں اور ہمیں کبھی بھائی کی خواہش نہیں ہوئی آج میں کامیاب خاتون ہوں اوراپنی زندگی میں بہت سی کامیابیاں حاصل کرچکی ہوں لیکن لوگ جب بھی ملتے ہیں تو کہتے ہیں آپ کا کوئی بھائی نہیں اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اورمجھے دعا دیتے ہیں آپ کا لڑکا ہوجائے جس پر میرا جواب ہوتا ہے، ”براہ مہربانی یہ دعا مت کرو بلکہ لڑکی ہوجائے یہ دعا کرو، کیوں ؑآپ لڑکے کی دعا کررہے ہو۔

“ ثانیہ نے کہا یہ ہمارے معاشرے کی ذہنیت ہے جس سے ہمیں باہر نکلنا ہے۔واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اورشعیب ملک اکتوبر میں والدین کے عہدے پر فائز ہوں گے۔

مزیدخبریں