اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) نگران وفاقی حکومت نے گریڈ 20 سے گریڈ 22 کے متعدد افسران کی تقرریاں اور تبادلے کئے ہیں۔ دو روز قبل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ارشد مرزا جنہیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات تعینات کیا گیا تھا کو وفاقی سیکرٹری تعلیم و تربیت لگا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں گریڈ 22 کے افسر سردار احمد سکھیرا کو دوبارہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے گریڈ 20 کے افسر عثمان اختر باجوہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کی جگہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسر عشرت علی کو ممبر سی ڈی اے لگاتے ہوئے چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس سروس گروپ کے گریڈ 22 کے ڈاکٹر محمد سلیم جو ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو کے فرائض انجام دے رہے تھے کا تبادلہ نیکٹا میں بطور نیشنل کوآرڈینیٹر کر دیا گیا ہے۔ پولیس سروس کے گریڈ 22 کے افسر لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) احسان غنی کو ڈاکٹر سلیمان خان کی جگہ ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو تعینات کیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسر شاہی میں تقرر اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔
آئی بی، نیکٹا سربراہان