پہلی بار انتخابات سے قبل ہی الیکشن کمشن نے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا

لاہور/ اسلام آباد (خبر نگار+ اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار) عام انتخابات2018 کیلئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا۔ آج ہی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور 30 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہونگے۔ امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کیلئے 23 روز ملیں گے کیونکہ پولنگ سے 48 گھنٹے قبل یعنی 22 جولائی کی رات 12 بجے تک مہم ختم کرنا ہو گی۔ انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمشن سے متلقہ دفاتر آج اور کل بھی کھلے رہیں گے۔ این اے 125سے مریم نواز شریف نے پہلے ہی کاغذات واپس لے لئے تھے۔گذشتہ روز ن لیگ کے ماجد ظہور نے 4حلقوں سے کاغذات واپس لے لئے جن میںپی پی 149،پی پی 151، پی پی 144 اور پی پی 158شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار متین الرحمان نے پی پی 149سے کاغذات واپس لے لئے۔ پاک سرزمین کے امیدوار بشیر احمد نے پی پی 149 میں پارٹی ٹکٹ جمع کرا دیئے۔پی پی 149 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار نادر خان نے اپنا پارٹی ٹکٹ جمع کرادیا۔ پی پی149سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار بلال احمد میر نے پارٹی ٹکٹ جمع کرادیا۔ جماعت اسلامی کے این اے 128سے امیدوار فرید احمد پراچہ نے اپنے کاغذات واپس لے لئے۔ این اے 126سے پی ٹی آئی کے امیدوار بیرسٹر حماد اظہر نے اپنا پارٹی ٹکٹ جمع کرا دیا۔ زعیم قادری نے این اے 133سے انتخابی نشان سورج مکھی کے پھول کی درخواست دے دی۔ ادھر الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے اضافے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کو پولنگ صبح 8بجے سے شام 6بجے تک ہوگی، پولنگ کا عمل بلا کسی تعطل کے 10 گھنٹے تک جاری رہے گا، پولنگ اوقات میں ایک گھنٹے کے اضافے کا مقصد انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ شرکت یقینی بنانا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق پولنگ کا وقت کم از کم 8گھنٹے مقرر ہے تاہم ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پولنگ کے روز سے قبل ہی پولنگ کے اوقات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت پولنگ کے دن مخصوص حالات میں الیکشن کمشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ایک یا زائد پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا وقت بڑھا سکتا ہے اور اس دوران صرف وہی لوگ ووٹ ڈال سکتے تھے جو پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ہوں۔
پولنگ وقت

ای پیپر دی نیشن