اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان سے تعلق رکھنے والے کیتھولک چرچ کے آرچ بشپ جوزف کائوٹس کو ویٹیکن سٹی میں کارڈینل بنا دیا گیا ہے۔ خیال رہے دنیا بھر میں سب سے زیادہ مسیحی کیتھولک چرچ سے تعلق رکھتے ہیں اور اٹلی کے نواح میں واقع ویٹیکن سٹی کہلائی جانے والی ننھی ریاست اس چرچ کا ہیڈ کوارٹر ہے جہاں کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ کا دفتر بھی ہے۔ ایک کارڈینل، کالج آف کارڈینلز کا رکن ہوتا اور یہ ادارہ ، کیتھولک چرچ کی عالمی تنظیم کے تمام امور نمٹاتا اور ضرورت پڑنے پر نئے پوپ کا چنائو بھی کرتا ہے۔ جوزف کائوٹس کو کارڈینل بنانے کی تقریب میں پاکستان کے نگران وزیر مذہبی امور محمد یوسف شیخ نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ 1973 میں بھی پاکستان سے تعلق رکھنے والے جوزف کارڈیریو بھی کیتھولک چرچ کے کارڈینل رہ چکے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق جوزف کائوٹس کا کارڈینل بننا، پاکستان کیلئے باعث فخر ہے۔
کیتھولک چرچ کے آرچ بشپ جوزف کائوٹس کو ویٹیکن سٹی میں کارڈینل بنا دیا گیا
Jun 30, 2018