بلوچ سرداروں نے انگریزوں، ہندئووں کا دبائو مسترد کر کے پاکستان میں شمولیت اختیار کی: عبدالقیوم

Jun 30, 2018

لاہور(خبر نگار)29جون 1947ء کے ریفرنڈم میں بلوچستان کے غیور عوام اور سرداروں نے انگریز ہندو گٹھ جوڑ اور دبائو کے باوجود پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔ بلوچستان پاکستان کا دل ہے جس میں رہنے والے مسلمانوں نے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان خیالات کااظہار سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں منعقدہ خصوصی نشست بعنوان’’ 29جون 1947ء ۔ بلوچستان کی تاریخی ریفرنڈم کے ذریعے پاکستان میں شمولیت‘‘کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا، نشست کے کلیدی مقرر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم تھے۔اس موقع پر اساتذۂ کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا کہ بلوچستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر طاقت کے مذموم عزائم کو بہادر اور محب وطن بلوچ بھائیوں نے ہمیشہ ناکام بنایا اور آئندہ بھی ناکام بنائیں گے۔پاکستان میں شمولیت کیلئے بلوچستان کی بہادر عوام اور سرداروںنے تاریخ ساز کردار ادا کیا تھا۔قائداعظمؒ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بلوچستان کی عوام اور سرداروں نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ندیم نے کہا آج کے دن بلوچستان کے بھائیوں نے پاکستان میں شمولیت کے حق میں فیصلہ دیکر پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ۔ 25جون 1947ء کو قائداعظمؒ نے ایک بیان جاری کیا کہ بلوچستان کے رہنما پاکستان میں شمولیت کے حق میں فیصلہ کریں۔ چنانچہ انہوں نے قیام پاکستان سے دو ماہ قبل ہی پاکستان میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ شاہد رشید نے کہا کہ آج ایک تاریخ ساز دن ہے۔ انگریز سامراج اور ہندو بنیا پاکستان کا مخالف تھا اور ان کی خواہش تھی کی بلوچستان پاکستان میں شامل نہ ہو لیکن بلوچستان کے سرداروں اور عوام نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔ ہمیں نسل نو کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں