عطاالحق قلسمی 27کروڑ کردیں تو مقدمہ ختم کرینگے : چیف جسٹس

Jun 30, 2018

اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے منیجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی تعیناتی کیس میں عطاء الحق قاسمی، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید اور سابق وزیر اعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ عطاء الحق قاسمی پر 27 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، وہ پیسے واپس کردیں تو کیس ختم کردیں گے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اس دوران وکیل عائشہ حامد عدالت میں پیش ہوئیں۔دوران سماعت وکیل عائشہ حامد نے عدالت کو بتایا کہ آڈٹ رپورٹ پر اعتراضات جمع کروا دئیے ہیں۔ عطاء الحق قاسمی نے 2 سال میں 3 کروڑ 58 لاکھ 60 ہزار روپے تنخواہ وصول کی۔ اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عطاء الحق قاسمی اتنی بھاری تنخواہ کے اہل تھے؟چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عطاء الحق قاسمی پر 27 کروڑ روپے خرچ ہوئے، لوٹا، بالٹی، چادراورتولیے بھی قاسمی صاحب کو پی ٹی وی نے لے کر دئیے۔ 15 لاکھ روپے کی اسلام آباد کلب کی ممبر شپ بھی پی ٹی وی نے دلوائی۔ چیف جسٹس نے کہا اس وقت ہم کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں کیوں نا غیر قانونی تعیناتی کا کیس قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو بھجوا دیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عطاء الحق قاسمی رقم دینے کو تیار ہیں؟ عطاء الحق قاسمی 27 کروڑ روپے واپس کردیں تو کیس ختم کردیتے ہیں۔ یہ پیسے ڈیم کی تعمیر کیلئے رکھ دیں گے۔ 80 سال کے بندے کو ہم نے جیل بھیج کر کیا کرنا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ جتنے پیسے خرچ ہوئے ہیں، وہ سابق وزیراعظم اور سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید دونوں سے وصول کریں گے۔ بعد ازاں عدالت نے منگل ( 3 جولائی ) کو سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید، سابق وزیر اعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد طلب کرلیا۔ ساتھ ہی عطاء الحق قاسمی کی تعیناتی کی سمری جس پر وزیر اعظم نے دستخط کیے تھے وہ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

مزیدخبریں