سنگ چٹی ازخود نوٹس کیس‘ میر ہزار خان بجارانی کی رحلت کے باعث نمٹا د یا گیا

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سندھ کی رسم سنگ چٹی کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سابق وفاقی وزیر میر ہزار خان بجرانی کی وفات کے باعث کیس نمٹا دیا گیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سندھ کی رسم سنگ چٹی کے خلاف از خود نوٹس پر سماعت کی تو میر ہزار خان بجرانی کی طرف سے سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے، لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں ٹرائل مکمل ہو چکا ہے لیکن اس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، میر ہزار خان بجرانی اب اس دنیا میں بھی نہیں رہے، از خود نوٹس میر ہزار خان بجرانی کے پانچ معصوم بچیوں کے سنگ چٹی کے فیصلے پر لیا گیا تھا ،ٹرائل مکمل ہونے اور میر ہزار خان بجرانی کی وفات کے باعث عدالت نے کیس نمٹا دیا۔ واضح رہے کہ سنگ چٹی کی رسم اندرون سندھ قبیلے کا سردار سزا کے طور پر دیتا تھا، رسم میں ملزم کے گھر کی چھوٹی لڑکیاں مقتول کی فیملی کو ونی کر دی جاتی تھیں ، میر ہزار خان بجرانی نے اپنے علاقے میں ایک واقعے پر پانچ معصوم بچیوں کو ونی کر دیا تھا ، معصوم بچیوں کو بھیڑ بکریوں کے سمیت مقتول کی فیملی کے حوالے کیا گیا،میڈیا پر خبریں آنے کے بعد اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری نے 2006میں از خود نوٹس لیا تھا۔عدالت نے 2012وزارت قانون کو نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف وومین کے ساتھ مل کر قانون مرتب کرنے کا حکم دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن