عمران کا وزیراعظم بننا قیامت کی نشانی ہوگا‘ عوامی عدالت میں سرخرو ہونگے: رانا تنویر

مریدکے+ شرقپور شریف (مجید چوہان سے+ نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر اور امیدوار این اے 120 رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی مجموعی کارکردگی قابل ستائش رہی‘ ہم سرخرو ہوکر عوامی عدالت میں حاضر ہیں‘ 26جولائی کا سورج حیران کن فتح کے ساتھ طلوع ہوگا۔ عمران خان کا وزیراعظم بننا قیامت کی نشانی ہوگا۔ امیدوار حلقہ این اے 119 رانا افضال حسین، پی پی حلقہ 135 چودھری مشتاق گجر کے ہمراہ اپنے حلقہ انتخاب کے طوفانی دورہ پر مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کے دوران رانا تنویر حسین نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے کہیں بہتر ہے۔ اقتدار سنبھالا تو ہر طرف مایوسی ہی مایوسی تھی مگر ہماری حکومتی ٹیم نے میاں نوازشریف کی قیادت میں دن رات محنت کرکے ملکی حالات کو سنبھالا دیا جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سمیت انرجی بحران اور دہشت گردی کے جن کو قابو کرکے کراچی شہر جو معاشی حب کا درجہ رکھتا ہے کی ماند پڑی روشنیاں پھر سے روشن کرکے عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا سیاست نے ملکی معیشت کو جو نقصان پہنچایا اس کی تلافی ناممکن ہے۔

ای پیپر دی نیشن