لندن: ہارلے سٹریٹ ہسپتال میں آمد کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے انتخابی امیدوار کو بلا کر ڈرایا دھمکایا گیاہے،نگراں وزیراعظم اورچیف الیکشن کمشنرنوٹس لیں،ایسے اقدامات ملک کے لیے نقصان دہ ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے،تمام توپوں کا رخ مسلم لیگ کی طرف ہے۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں ہمارے امیدوار رانا اقبال سراج کو تھپڑ مارے گئے ہیں اوران کو خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے نمائندوں کی تذلیل کی جارہی ہے۔ہمارے نمائندوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئی ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندوں کو جیپ کے نشان پرالیکشن لڑنے پرمجبورکیاجارہا ہے۔اگردھاندلی ہوئی توطوفان اٹھے گا،جس کوسنبھالنا مشکل ہوگا۔