اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران تقریر کرنے کے لئے ایوان میں آنے سے پہلے پتہ کراتے ہیں کہ دیکھو شہباز شریف تو موجود نہیں ؟ اپوزیشن کی موجودگی میں وہ اس ڈر سے تقریر نہیں کرتے کہ ’’علیمہ باجی چور ہے‘‘ کا نعرہ نہ لگ جائے۔ اصل مسئلہ آپ کے بقول ’منی لانڈرنگ‘ اور ’کرپشن‘ ہے تو وہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین نے کی ہے۔ وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں تقریر پر ردعمل میں سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران بار بار شہباز شریف کی کْرسی کو دیکھتے رہے کہ کہیں وہ ایوان میں نہ آجائیں۔ شہباز شریف نے آپ کے بیٹھے آپ کو مہنگائی کا طوفان اور عوام دشمن بجٹ لانے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ 10 ماہ میں گیس کی قیمت 200 فیصد اور بجلی پچاس فیصد مہنگی کرنے کا ذمہ دار آپ کو ٹھہرایا۔ اگر آپ سچ بول رہے ہوتے تو شہباز شریف کی موجودگی میں جواب دیتے۔ جھوٹ کنٹینر پر بولے جاتے ہیں ایوان میں نہیں، اِس عوام دشمن بجٹ میں کہاں ہے کسان پیکج؟ ، کہاں ہیں ایک کروڑ نوکریاں ؟ کہاں ہیں 50 لاکھ گھر؟