اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ایمنسٹی سکیم کی مدت میں توسیع کی تردید کر دی چیئرمین ایف بی آر نے واضح طور پر قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرکے اعلان کیا اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم 2019ء میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی۔ اس حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ قبل ازیں ہفتے کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر خزانہ یا وزیر مملکت ریوینو کی جگہ وزیر آبی وسائل نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کی درخواست پر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں چار دن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ ظاہر شدہ اثاثوں کو بینکوں میں جمع کروانے کی شرط کو ختم کیا جا رہا ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ خیال رہے کہ مقامی اور سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سکیم میں توسیع کی جا رہی ہے افواہوں کو اس وقت تقویت ملی جب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں توسیع کی تصدیق کی تاہم بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا ۔ دوسری جانب ایف بی آر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق 55 ہزار سے زائد افراد نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھا لیا ہے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے 62 ہزار سے زائد افراد کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ شبر زیدی نے کہا ایف بی آر دفاتر آج رات آٹھ بجے تک اور فیلڈ دفاتر آج رات 11بجے تک کھلے رہیں گے لوگ بآسانی ٹیکس ڈیوٹیز اور گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ دریں اثناء دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے فیصل واوڈا کے بیان کی تردید کردی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ابھی توسیع سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا، 4 دن توسیع کی تجویز ضرور آئی ہے لیکن ایمنسٹی سکیم میں توسیع کے اعلان کا مینڈیٹ میرا یا فیصل واوڈا کا نہیں ہے۔