بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست‘ حکومتی ٹیم نے مافیا کا مقابلہ کیا: فردوس عاشق

Jun 30, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے قومی اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کو اپوزیشن کی شکست قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے فنانس بل کو کثرت رائے سے منظور کیا گیا جبکہ اپوزیشن کی بجٹ میں کٹوتی کی تمام تحاریک مسترد ہو گئیں۔ بجٹ منظوری پر فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی شکست ہے اور اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہی ہو گی۔ حکومت ملک و قوم کے مفاد میں ہر قدم اٹھائے گی‘ عوام کی حکومت عوام کے روشن مستقبل کے لئے جرات مندانہ فیصلے کر رہی ہے۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ خوشحال‘ خود انحصار اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل کی طرف قدم ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کی جدوجہد اور قربانی رنگ لائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے ماہ و سال قوم اور ملک کو ترقی کی منزل سے ہمکنار کریں گے‘ عوام کی خوشحالی کا نصب العین حاصل کر کے رہیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وہ قیادت جنہوں نے بجٹ کی تیاری میں اور پھر بجٹ کو پاس کروانے اپنا کردار ادا کیا ان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں۔ مشیر خزانہ اور ان کی ٹیم اتوار کو تفصیل سے بات کریں گے اور پوسٹ بجٹ کی ترجیحات سے آگاہ کریں گے۔ہفتہ کو قومی اسمبلی میں حکومتی چیف وہپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ٹیم نے بجٹ پاس کرانے کے لیے مافیا کا مقابلہ کیا،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ میں اپوزیشن کو پورا بولنے کا موقع دیا گیا،پروڈکشن آرڈر کا سہارا لینے والے سارا دن خوش گپیوں میں مصروف رہے پوری قوم نے دیکھا کہ پروڈکشن آرڈر والے لیڈروں کے دل میں عوام کا کتنا درد ہے۔پروڈکشن آرڈر والے لیڈر ایوان کی بجائے میڈیا کی زینت بنے رہے:معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن قوم کی بجائے اپنے ذاتی ایجنڈے پر کاربند رہے اپوزیشن لابیز میں بیٹھ کر جیبوں میں ٹی اے ڈی اے لے کر چلی گئی، اتحادیوں کے تعاون سے بجٹ منظور کرواکر اپوزیشن کو ناکام بنایا گیا۔معاشی روڈ میپ دینے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں فردوس عاشق اعوا ن نے کہا کہ اپوزیشن نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین کیلئے نیا جانشین لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایمنسٹی سکیم کی مدت میں اضافے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

مزیدخبریں