جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس ، جوڈیشل کونسل اجلاس دو جولائی کو ہوگا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) اعلی عدلیہ کے ججوں کے محاسبے کے فورم سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس دو جولائی کو ہوگا ۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنسز پرمزید کارروائی کی جائے گی ۔سپریم جوڈیشل کونسل نے گزشتہ اجلاس میں اٹارنی جنرل کے ابتدائی دلائل کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کے قواعد کے تحت دونوں معزز جج صاحبان کو ریفرنسز کی نقول اور متعلقہ مواد فراہم کرکے ان سے جواب طلب کیا تھا۔دریں اثنا پاکستان بار کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنسز سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے پاکستان بار کونسل کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے۔اجلاس میں پاکستان بار کونسل کو وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے خلاف کارروائی سے روکنے کے اٹارنی جنرل انور منصور خان کے بطور چیئر مین پاکستان بار کونسل جاری عبوری آرڈر کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔پاکستان بار کونسل نے فروغ نسیم کو شوکاذ نوٹس بھی جاری کیا تھا جسے اٹارنی جنرل نے معطل کردیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن