لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے پیش کیا گیا بجٹ معیشت کی ترقی کا ٹول ثابت ہوگا ، اپوزیشن اپنے سیاسی مفادات کیلئے ملک میں مایوسی پھیلانے سے گریز کرے ،اپوزیشن کی جانب سے ابھی تک اسمبلیوں میں سوائے شوروغوغہ کرنے کے کوئی کام نہیں کیا گیا ،حکومت نے خارجہ پالیسی کو درست سمت میں گامزن کرکے اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے مضبوط اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کی میثاق معیشت کی پیشکش پر مثبت رد عمل ظاہر کیا ۔ پاکستانی قوم اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کے کردار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔