کرکٹ ورلڈکپ؛ انگلینڈ کا بھارت کو جیت کیلئے 338 رنز کا ہدف

کرکٹ ورلڈکپ کے 38 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا ہے۔

برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے اننگز کا دھواں دھار آغاز کیا۔

دونوں اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ پر 160 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

جیسن روئے 66 رنز بنا کرکلدیپ یادیو کا شکار بنے جس کے بعد 205 کے مجموعے پر  جونی بیرسٹو بھی 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، 109 گیندوں پر مشتمل اننگز میں بیرسٹو 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔

کپتان اوئن مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد جوئے روٹ اور اسٹوکس نے شاندار کھیل پیش کیا جس کی بدولت انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ 

میزبان انگلینڈ کی جانب سے جونی بیرسٹو 111، بین اسٹوکس 79 اور جیسن روئے 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کے محمد شامی نے 5، بھمرا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کو آج لازمی بھارت کو زیر کرنا ہوگا اور شکست کی صورت میں انگلش ٹیم ایونٹ سے باہر ہوسکتی ہے جب کہ بھارت کی کامیابی اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔


آج کے میچ میں بھارتی ٹیم کی جرسی تبدیل ہوگی، دونوں ٹیموں کی وردیاں نیلی ہونے کی وجہ سے آئی سی سی قوانین کے مطابق میزبان ٹیم کی وردی وہی رہے گی اور مہمان بھارتی ٹیم کے کھلاڑی نئی وردی میں دکھائی دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن