علی گیلانی کل جماعتی حریت کانفرنس کی چیئرمین شپ سے مستعفی

سری نگر (انٹرنیشنل ڈیسک) ممتاز کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کْل جماعتی حریت کانفرنس کی چیئرمین شپ سے استعفٰی دے دیا۔ کشمیری میڈیا کے مطابق تحریک حریت کے بانی اور کْل جماعتی حریت کانفرنس کے تاحیات چیئرمین سید علی گیلانی نے آڈیو پیغام میں چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کی وجہ نہیں بتائی۔ 90 سالہ بزرگ رہنما کافی عرصے سے علیل ہیں اور اسیری میں بیماری کے باعث نحیف ہوگئے ہیں۔ اپنے آڈیو پیغام میں سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں اور اس فیصلے سے حریت کانفرنس کے رہنمائوں کو مطلع کر چکا ہوں۔ علاوہ ازیں اپنے مفصل خط میں بزرگ رہنما نے 5 اگست کے بعد قید تنہائی کے دوران حریت کانفرنس رہنماؤں کی جانب سے کوشش کے باوجود رابطہ نہ رکھنے اور آرٹیکل 370 کی منسوخی پر موثر حکمت عملی نہ بنانے کا بھی شکوہ کیا۔ سید علی گیلانی جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن بھی رہے ہیں، بعد ازاں اپنی جماعت ’’ تحریک حریت‘‘ کی بنیاد رکھی اور 1993 میں اپنی جماعت سمیت آل پارٹیز حریت کانفرنس میں شامل ہوگئے جو کشمیر کی 26 سیاسی اور سماجی جماعتوں کا اتحاد ہے۔ واضح رہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر میں لازاول قربانیوں، انتھک جدوجہد اور سیاسی فہم و فراست کے باعث سیدعلی گیلانی کو 2003 میں کْل جماعتی حریت کانفرنس کا تاحیات چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن