اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ ) پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ھوئے ان اہلکاروں کو قومی ہیرو قرار دیا جنھوں نے آٹھ منٹ میں اسے ناکام بنا دیا۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ پرائیویٹ گارڈز، سندھ رینجر زاور پولیس نے دلیری سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا انھوں نے کہا کہ ریاست اور تاجر برادری جان کی قربانی دینے والے شہدا کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ، تجارت اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانے کی ہر ملک دشمن سازش کو اسی طرح آٹھ منٹ میں خاک میں ملا دیا جائیگا۔ ، انہوں نے کہا پاکستان میں دہشت گردی اور معیشت کو نقصان پہنانے کی ہر سازش کا تاجر برادری ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور کسی سازش ،افواہ یا بہکاوے میں نہی آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کی جانب سے عین بجٹ منظوری کے موقع پر سٹاک ایکسچینج پر حملے نے نا کامی کے باوجود کئی سوال چھوڑے ھیں۔ سازش کے تانے بانے بہت گہرے ہیں جن سے مستقبل میں باخبر رہنے اور انکو منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرور ت ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت کردی کے دوران سٹاک ایکسچیج میں ٹریڈنگ کا جاری رہنا اور دو سو پوائنٹ کا اضافہ اس بات کی دلیل ھے کہ دنیا پاکستان کے سیکورٹی اداروں اور معیشت پر مکمل بھروسہ کرتی ہے جو کورونا کی وبا کے باوجود خطے میں سب سے بہتر ہے ، انہوں نے کہا دہشت گردوں کا اگلہ نشانہ وفاقی دالحکومت اور کے پی کے ھو سکتا ھے کیونکہ غیر ملکی سازشوں کی تاریخ یہی بتاتی ھے ، پاکستان کے ادارے ،تاجر برادری اور پارلیمان غیر ملکی سازشوں اور دہشت گردانہ کاروئیوں سے با خبر ھیں اور اسکا مقابلہ کرنے کی طاقت اور شعور رکھتے ھیں جسکا منھ بولتا ثبوت آج بھاری اکثریت سے وفاقی بجٹ کو پاس کر کے عمران خان پر بھر پور اعتماد کرنا ھے جس پر وزیر اعظم اور پارلیمان مبارکباد کے مستحق ہیں جو پاکستان کو بدعنوانی سے پاک قائد اعظم کے خواب کی تعبیر ملک بنائیں گے۔
چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈکی کراچی سٹاک ایکسچینج میں دہشتگردی کی مذمت
Jun 30, 2020