ایس ای سی پی کی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد وں کے حملہ کی سخت مذمت

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کے حملے کی سخت مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس کی انتظامیہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی غیر معمولی اہمیت سے بہم آگاہ ہیں اور اسی لئے پی ایس ایکس کی عمارت کی حفاطت کے لئے بھرپور اقدامات کئے گئے تھے۔ دو ماہ پہلے ہی، مئی کے مہینے میں ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس کی انتظامیہ نے اسٹاک ایکسچینج کی بلڈنگ کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا اور بلڈنگ کی حفاظت کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے۔ اسٹاک ایکسچینج کی بلڈنگ کی حفاظت پر نجی کمپنی کی سکورٹی گارڈز کے علاوہ، سندھ رینجرز اور پولیس کی خدمات بھی لی گئی تھیں جبکہ الیٹ فورس کے سنائپرز بھی تعینات کئے گئے تھے۔ اس سے پہلے سٹاک ایکسچینج کی عمارت کی چار دیواری کو بھی اونچا کیا گیا اور دیواروں پر خاردار تاریں نصب کی گئیں۔ عمارت کے داخلی دروازے پر دو واک تھر گیٹ اور جدید ایکس سرے سیکینگ مشین جبکہ عمارت کے اندر اور باہر سو سے زائد سکیورٹی کیمرے نصب ہیں۔ پی ایس ایکس کی عمارت کی حفاظت کے لئے کئے گئے انتظامات اور سکورٹی فورسز کے بروقت اور کامیاب آپریشن کے باعث دہشت گر عمارت کے اندرونی حصے میں داخل نہ ہوسکے اور بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔ اسٹاک ایکسچینج پر اس بہیمانہ حملے کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی ٹدیڈنگ معمول کے مطابق جاری رہی جو کہ پاکستانی مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کے اعتماد اور ٹریڈنگ کے بہترین اور مستحکم انتظامات کا مظہر ہے۔
دہشت گردی کے حملہ کے وقت اوت اس کے بعد صورت حال کر کنٹرول کرنے، ٹریڈنگ کو جاری رکھنے کے حوالے سے چئیرمین ایس ای سی پی، چئیرمین پی ایس ایکس بورڈ اور سٹاک ایکسچینج کے مینجنگ ڈائریکٹر مسلسل رابطہ میں رہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا جاری رہنا بہت ضروری تھا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار کا حامل ادارہ ہے جو کہ سرمایہ کاروں کو نہ صرف سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ کاروباری منصوبوں کی تکمیل اور بڑھوتی کے لئے سرمایہ بھی فراہم کرتا ہے۔ ایس ای سی پی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک مستحکم، مستعد اور جدید مارکیٹ کے فراہمی کے لئے سرگرم رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن