اسلام آباد(وقائع نگار)ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے پیر کے روز سینٹورس مال کا دورہ کیا اور مقدس نوادرات اور متبرکات کی نمائش دیکھی. مال کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کا استقبال کیا اور انہیں نمائش کی جگہ کا دورہ کرایا جہاں غلاف کعبہ، پردہ باب الکعبہ، چادر روضہ رسول اور دیگر متبرکات رکھے گئے ہیں. ڈپٹی کمشنر مقدس نوادرات کے روح پرور نظارے سے بہت متاثر ہوئے. انہیں ان متبرکات و نوادرات کی تاریخ اور اہمیت سے متعلق بریف کیا گیا. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سینٹورس مال آنے والے لوگوں کا از خود ڈسپلن کا مظاہرہ اور کورونا وبا سے بچا کے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مال انتظامیہ کے سخت اقدامات دیکھ کر انہیں نہایت اطمینان اور خوشی ہوئی ہے. حمزہ شفقات نے کہا کہ یہ نمائش کورونا وبا کے باعث بڑھتی ہوئی بے چینی اور ڈپریشن کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو گی. وبا کے باعث لوگوں کی سماجی و اقتصادی زندگیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور لوگ پریشانی اور مایوسی کی کیفیت سے دوچار ہیں. اس طرح کی نمائش جیسی سرگرمیوں سے پریشان حال لوگوں کو روحانی سکون اور اطمینان میسر آئے گا. سینٹورس مال کی جانب سے پیشگی حفاظتی اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے نمائش کے کامیاب اور بحفاظت انعقاد پر مال کی انتظامیہ کو مبارکباد دی. اسلامی متبرکات کی نمائش کا انعقاد کر کے سینٹورس مال نے گزشتہ سالوں سے جاری اپنی روایت کو مزید آگے بڑھایا ہے. دس روزہ نمائش جمعہ 3 جولائی تک جاری رہے گی. روزانہ ہزاروں افراد نمائش دیکھنے کے لئے سینٹورس مال آتے ہیں. مہمانوں کو محفوظ فیملی ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کورونا سے بچا کے سخت حفاظتی و احتیاطی اقدامات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے. نمائش کا افتتاح بدھ کو ہوا تھا. وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد اور پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) عبالعزیز مرزا سمیت متعدد اہم شخصیات نمائش کا دورہ کر چکی ہیں۔