افغانستان ،طالبان حملے،کاربم دھماکوں میںضلعی پولیس سربراہ سمیت 2اہلکار، 23شہری ہلاک

Jun 30, 2020

لشکر گاہ / میمنہ/قندھار(شِنہوا)افغانستان میںطالبان کے مارٹر حملوں اوردیگر کاروائیوں میں 23شہری اور ضلعی پولیس سربراہ سمیت2اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ 4عسکریت پسند بھی مارے گئے۔ افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے ایک مقامی بازار میں پیر کے روز ایک مارٹر گولہ گرنے اور اس کے بعد ہونے والے کار بم دھماکے میں 23 شہری اور دو طالبان عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ، یہ بات صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتائی۔ترجمان عمر ڑواک نے شِنہوا کو بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں ایک فوجی کیمپ پر مارٹر گولے فائر کیے۔ مارٹروں کے متعدد گولے ہدف کی بجائے ایک مقامی بازار میں گرے۔انہوں نے کہا کہ ایک مارٹر گولا ایک دکان میں کھڑی کار بم پر لگا جس سے دھماکہ ہوا،طالبان اس دکان کو کار بم بنانے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ شورش زدہ اس ضلع میں مارٹر گولوں اور دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 15 شہری زخمی بھی ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ اس مہلک حملے میں 10 شہری ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔ ڑواک نے طالبان کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ مارٹر گولے افغان فوج کے جوانوں نے فائر کیے تھے۔ادھر افغانستان کے شمالی صوبے فاریاب میں طالبان کے ایک نشانہ باز نے ایک قائم مقام ضلعی پولیس سربراہ اور افغان نیشنل آرمی کے ایک سپاہی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔صوبائی پولیس کے ترجمان عبدالکریم اروش نے شِنہوا کو بتایا کہ ضلع خواجہ سبز پوش کے قائم مقام پولیس سربراہ شاہ محمد عرب پیر کی صبح ضلع کے مضافات میں افغان سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چوکی کا معائنہ کر رہے تھے۔معائنے کے دوران عسکریت پسندوں نے طویل فاصلے سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں عرب اور افغان نیشنل آرمی کا ایک جوان شہید ہو گیا۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے فوری بعد ہی صوبائی دارالحکومت میمنہ کے شمال مغربی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ضلع میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔یہ صوبہ برسوں سے جھڑپوں اور لڑائیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔فاریاب کے کچھ حصوں پر قابض طالبان عسکریت پسند دشوار گزار خطوں اور پہاڑوں کو اپنے ٹھکانے کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور سکیورٹی فورسز کیخلاف اکثر چھاپہ مار کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔دوسری جانب افغانستان کے جنوبی صوبہ قندہار میں اتوار کی شب 2طالبان جنگجو اس وقت ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوئے جب وہ ایک دیسی ساختہ بم نصب کرنے میں مصروف تھے کہ بم قبل از وقت دھماکے سے پھٹ گیا ،یہ بات مقامی پولیس نے پیر کے روز بتائی۔صوبائی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعہ شاہ ولی کوٹ ضلع کے چنار علاقے میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے جنگجوں کو ان کے ساتھیوں نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔طالبان نے تاحال اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

مزیدخبریں