بہاولپور(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم پاکستان گرین پاکستان پروگرام کے تحت بہاول پور ڈویژن میں امسال 60لاکھ پودے محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں لگائے گئے ہیں۔ یہ پودے زمیندار اور کاشتکارحضرات اپنی اراضی پر لگائیں گے۔ نیز یہ پودے سرکاری دفاتر میںبھی لگائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارناظم اعلیٰ جنگلات لاہور فیصل ہارون نے محکمہ جنگلات کی نرسریوں میںوزیر اعظم پاکستان گرین پاکستان مہم کے تحت لگائے گئے پودوں کے معائنہ کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر ناظم جنگلات بہاول پور سعید تبسم اور مہتمم جنگلات توسیع شاہد حمید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ناظم اعلیٰ جنگلات لاہور نے ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور ان پودوں کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کرنے کے لئے تشہیری بورڈ نصب کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کے حوالہ سے عوامی شعور اجاگر کیا جائے اور شجرکاری مہم کو فروغ دیا جائے۔