بجٹ نے ملازمت وزراعت سے وابستہ خواتین کو بھی مایوس کیا:طاہرہ نجم

ملتان( لیڈی رپورٹر )انجمن تجارت ملازمت و زراعت پیشہ خواتین ملتان برانچ کی صدر طاہرہ نجم نے کہا ہے کہ بجٹ میں خواتین کیلئے کوئی منصوبہ نہیں دیا گیا جبکہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک دم 25روپے کا اضافہ کرکے مزید مہنگائی کو دعوت دی ہے جوعوام کے ساتھ سرا سر زیادتی ہے حکومت اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدیداران ممبران کے ہمراہ منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ نے ملازمت پیشہ و زراعت سے وابستہ خواتین کو بھی مایوس کیا۔ ملازمین کیلئے کسی پیکج یا تنخواہوں میں اضافہ کی کوئی نوید نہیں سنائی گئی زراعت سے وابستہ خواتین و دیگر کاروبار کرنیوالی خواتین بھی حکومت کی پالیسیوں سے مایوس ہیں۔ مسز پروین نیاز نے کہا کہ مہنگائی سے براہ راست خواتین متاثر ہوتی ہیں کورونا وباء اور لاک ڈائون کے باعث جہاں فی کس آمدنی میں کمی آئی وہاں ملازمت پیشہ افراد کو بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے ۔حکومت کو بجٹ میں ریلیف دینا چاہئے تھا ۔ انیلہ عبید، نعیم النساء اور شبانہ حمید قریشی نے کہا کہ حکومت اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے اور وزیراعظم زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کریں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے ۔

ای پیپر دی نیشن